ایک گزارش رمضان ٹرانسمیشن

Ramadan Kareem


رمضان ٹرانسمیشن۔ ایک گزارش



رمضان ٹرانسمیشن - ایک گزارش

ٹی وی چینلز پر رمضان کے تقدس کو پامال کرنے والے پروگرامز کا بائیکاٹ کریں۔

حدیثِ قدسی ہے:
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ فرماتے ہیں کہ "رمضان کے مہینے میں ابنِ آدم کا ہر عمل دگنا ہوتا ہے۔ نیکی کا اجر دس سے لیکر سات سو گنا ہوتا ہے۔"

اللہ پاک نے فرمایا: روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا۔ کیوں کہ اس میں میرا بندہ اپنی شہوت اور کھانے پینے کو میری وجہ سے چھوڑتا ہے۔ روزے دار کے لیے دو خوشیاں ہیں۔ ایک خوشی افطار کے وقت، دوسری رب سے ملاقات کے وقت۔

حدیث: الصوم جنۃ
روزہ ڈھال ہے۔

اس سے اس بابرکت مہینے کے تقدس اور اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ روزہ ہمیں روکے رکھتا ہے نہ صرف کھانے پینے سے بلکہ برے کام سے، بری بات سے۔

اب یہ چند مقدس ترین دن، کیا ہم ان فضول نشریات کے سامنے بیٹھ کر برباد کریں گے یا ان ساعتوں کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے؟

سحری کی پر نور گھڑیاں رب کے ذکر سے مزید منور کرنی ہیں یا سحری ٹرانسمیشن کے آگے ضائع کرنی ہیں؟

افطار کے وقت کے لیے اللہ نے فرمایا کہ اس وقت میں روزے دار کی پکار سنتا ہوں۔ میں اس کی دعا قبول کرتا ہوں۔ افطار کا وقت قبولیت کا وقت ہوتا ہے تو اس وقت میں ہم اپنا وقت ضائع کرنا پسند کریں گے یا ان بابرکت گھڑیوں میں اللہ سے دعائیں مانگنا پسند کریں گے؟

اس بابرکت مہینے قرآنِ پاک کا نزول ہوا، ہمیں اس پاک کتاب کی تلاوت کرنے میں مصروف ہونا چاہیے۔

رمضان ٹرانسمیشنز کا مکمل بائیکاٹ کیجیے۔

یہ  چینلز آپ کو تفریح تو فراہم کر سکتے ہیں مگر نیکیوں میں اضافے کا باعث نہیں بن سکتے۔ فرقہ واریت کے نام پر کروائے جانے والے جھگڑے اور ریٹنگز کی دوڑ میں اوچھی حرکات اس مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کے ساتھ ساتھ دیکھنے والے کو نہ صرف گمراہ کرتی ہیں بلکہ اسے اس کے اصل کام سے بھی دور کرتی ہیں۔

یہ ثواب کا ذریعہ تو ہرگز نہیں بنیں گے، الٹا یہ آپ سے آپ کی یہ قیمتی گھڑیاں چھین لیں گے۔

یہ پورا ایک مہینہ ہمارے پاس ہے اپنے معاملات سدھارنے کا، اللہ کو راضی کرنے کا اور اللہ کی ضرورت مند مخلوق کی مدد کرنے کا، جو کہ اس مہینے کا اصل مقصد ہے۔

تو اس رمضان میں کیا کرنا ہے؟

- نمازوں کا خاص اہتمام کیجیے


- قرآنِ پاک کی خوب خوب تلاوت کیجیے


- تسبیحات، صدقہ، خیرات، زکوٰۃ ادا کیجیے


- دکھی اور ضرورت مند انسانیت کی مدد کیجیے


- امت کے لیے خصوصی دعا کیجیے

اللہ تعالیٰ نہ جانے کس کے دل سے نکلی دعا سب کے حق میں قبول فرما لیں۔

اللہ ہم سب کو عافیت کے ساتھ رمضان المبارک گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

Comments

  1. Hi there.
    I hope you are good. If you want more profile views and more traffic on your blog then don't worry. I've a very good and cheap offer for you. Contact me via email
    alishoy91@gmail.com

    ReplyDelete

Post a Comment