مجھے ہے حکمِ اذاں Allama Iqbal



Haq Ki Azaan 



اگرچہ بت ہیں جماعت کی آستینوں میں - علامہ اقبال کی شاعری میں حق کی اذان کا پیغام


علامہ اقبالؒ کی شاعری اپنے آپ میں علم اور فکر کا سمندر رکھتی ہے۔ ایک چھوٹے سے جملے میں جیسے پوری کتاب سمائی ہو۔

اگرچہ بت ہیں جماعت کی آستینوں میں
مجھے ہے حکمِ اذاں، لا الہ الا اللہ

ان دو جملوں کے ذریعے کس خوبصورتی سے انہوں نے ہمیں فلاح کا درس دیا ہے۔

لا الہ الا اللہ ایک گواہی ہے، سچائی ہے، حقیقت ہے، حق و صداقت کی صدا ہے۔

اس شعر کا مفہوم کیا ہے؟
اگرچہ بت ہیں جماعت کی آستینوں میں
کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ کو معلوم ہو کہ آپ کے آس پاس حق سننے والا کوئی بھی نہیں ہے، آپ کی جماعت جھوٹ، فریب اور منافقت سے بھری ہے، جن کی آستینوں میں بت ہیں اور وہ حق کے راستے سے بھٹکے ہوئے ہیں۔

ایسے میں بھی آپ کو حکم سچ اور حق کی اذان بلند کرنے کا ہی ہے۔

اپنی جماعت، اپنے ارد گرد کیا ہے اور کیسا ہے یہ نہیں دیکھنا، بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ حق اور سچ کیا ہے اور بغیر جھٹلائے جانے کے ڈر سے اور مخالفت کے خوف کے کلمہ حق کہنا ہے۔ ہر حالت میں حق کے ساتھ ڈٹ کر رہنا ہے۔

سنن نسائی شریف کی ایک حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی نے پوچھا کہ کون سا جہاد افضل ہے؟ آپ نے فرمایا ظالم حکمران کے سامنے حق بات کہنا۔

حق بات پر ڈٹے رہو چاہے وہ تمہارے نفس کے مخالف ہی کیوں نہ ہو۔

حق کا ساتھ دینے کے معاملے میں ہمارے سامنے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی پاک ذات کی کتنی بڑی مثال موجود ہے کہ اعلان نبوت کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قبیلے نے آپ کی شدید مخالفت کی، آپ کا بائیکاٹ کر دیا، لیکن آپ نے سب کی مخالفت تو قبول کی لیکن کلمہ حق کا ساتھ نہ چھوڑا۔ ہر طرح کے حالات میں حق کا ساتھ نبھایا اور باطل کی بھرپور مخالفت کی۔

ہمارے ہاں ایک دوسرے سے تعلق نبھانے کے لیے اکثر ایک دوسرے کو سپورٹ کر کے حق کی مخالفت کرنا عام بات ہے۔ غلطی پر ہونے کے باوجود ناجائز بات پر صرف اس لیے ساتھ دیا جاتا ہے کہ رشتہ داری خراب نہ ہو۔

حالانکہ ذمہ داری تو یہ ہے کہ حق بات کا ساتھ دینا ہے، اپنی ذاتی غرض اور رشتہ داری یا دوستی کا نہیں۔ کیوں کہ وقتی طور پر ہم جھوٹ میں کسی اپنے کا ساتھ دے کر اپنی رشتہ داری تو محفوظ کر لیں گے لیکن کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی کر جائیں گے جو قطعاً جائز نہیں۔

اللہ ہم سب کو حق کا ساتھ دینے اور کلمہ حق بلند کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین۔

Comments

Popular posts from this blog

ظالم کا انجام - فرعون سے ہٹلر تک عبرت کی کہانیاں

May2025 کی صورتِ حال پر ایک نظر۔ امید کی کرن

عورتوں کے معاملے میں اللہ سے ڈرو - خطبہ حجۃ الوداع کا بھولا ہوا پیغام