عورتوں کے معاملے میں اللہ سے ڈرو - خطبہ حجۃ الوداع کا بھولا ہوا پیغام
عورتوں کے معاملے میں اللہ سے ڈرو
میں بیزار ہوں ہر اُس سوچ سے، ہر اس تہذیب سے، ہر اس روایت، رسم و رواج سے جو کسی ایک کو دوسرے پر اتنا اختیار دے کہ وہ سامنے والے کی زندگی اور موت کا فیصلہ اپنے ہاتھ میں لینا چاہے۔
مجھے شکوہ ہے ہر اُس مرد سے جو عورت کو بس سزا دینا اپنا اختیار اور حق سمجھتا ہے، بلکہ اُس کا فرض تو عورت کی حفاظت کرنا ہے۔
یہ سوچ کہ عورت نے مرد کے مزاج کے خلاف کچھ کیا ہے یا اس سے کوئی غلطی سرزد ہوئی ہے تو اسے کسی بھی قسم کی سزا دی جائے، یہ سراسر غلط ہے۔
ایسی کوئی اجازت کسی کو کسی نے نہیں دی نہ دین نے نہ شریعت نے نہ ریاست نے۔ انسان کی جان پر صرف و صرف اگر حق ہے تو اللہ باری تعالیٰ کا ہے اول تا آخر۔
اسلام نے جو رشتے بنائے وہ ایک دوسرے سے حقوق کی بنیاد پر جُڑتے ہیں نہ کہ دھونس اور جبر کی بنیاد پر۔ یہ سوچ کہ "میں تمھارا مالک ہوں لہذا میں تمھاری زندگی کا فیصلہ لے سکتا ہوں" اسلام کے خلاف ہے۔
*نہیں، ظلم کے لیے کوئی بھی وجہ قابلِ قبول نہیں۔*
اسلام صرف ہمیں رشتوں کا احترام سکھاتا ہے اور ان کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیتا ہے نہ کہ اُن کی جان اپنے ہاتھ میں لینے کا۔ جو ابھی دنیا میں آیا بھی نہ ہو، ماں کے رحم میں اُس جان کو بھی ختم کرنے کی اجازت نہیں۔
یہ غیرت اور عزت کے نام نہاد دعوے دار عزت کے نام پر جان لینا ہی جانتے ہیں، ان ہی رشتوں کے حقوق کی ادائیگی کرنے سے خود کو بری سمجھتے ہیں۔ یہ غیرت نہیں ضد، انا اور ہٹ دھرمی کے سوا کچھ نہیں۔
*حال ہی میں قبائلی علاقے میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جہاں ایک خاتون کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر زندگی سے محروم کر دیا گیا۔ یہ واقعہ ہمیں ایک بار پھر سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ہم کس سمت جا رہے ہیں۔*
حیرت اور افسوس تو ہمارے سسٹم پر ہے کہ 2025 کے اس جدید دور میں بھی ہم اتنی پسماندگی کا شکار ہیں۔ اس دورِ جدید میں جہاں ہر ایک کے ہاتھ میں اسمارٹ فون موجود ہے اور کوئی بھی معاملہ میڈیا سے چھپ نہیں سکتا، ایسے میں بھی چند افراد کا قانون کو اپنے ہاتھ میں لے لینا انتہائی افسوسناک ہے۔
کیا جرگہ، پنچائیت کے فیصلے قانون اور انصاف کے مطابق ہوتے ہیں؟ کیا یہ اپنے قبیلے، گاؤں کے افراد کے ساتھ حقیقی انصاف کرتے ہیں؟ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ ہر فیصلہ قانون اور عدالت کے ذریعے ہو، نہ کہ چند افراد خود ہی منصف بن جائیں۔
ابھی اس ایک واقعے پر بیسیوں کہانیاں سننے میں آئیں گی، جتنے منہ اتنی باتیں بنائی جائیں گی۔ مگر لکھنے کا مقصد یہ ہے کہ کسی کو بھی سزا دینے کا اختیار کیا اس طرح چند افراد کے پاس ہونا چاہیے؟ اور کوئی انھیں پوچھنے والا نہیں ہے؟
اس دورِ جدید میں ہمارے ہاں سے یہ جہالت کب اور کیسے ختم کی جائے گی اب تو یہ سوچنا لازم بنتا ہے۔ کب تک اس نام نہاد غیرت کی بھینٹ ہماری خواتین چڑھتی رہیں گی؟
کیا آج بھی کوئی ایسا ہے کہ جو انسانیت کے درس سے بھرپور اُن احکامات سے انجان ہو جو نبی آخر الزماں ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر ارشاد فرمائے تھے؟
آپ ﷺ نے کس قدر خوبصورتی سے اپنا پیغام امت تک اس تاریخ ساز خطبے کی صورت پہنچایا تھا۔
*خطبہ حجۃ الوداع کے بنیادی نکات:*
دورِ جاہلیت کی رسومات کا خاتمہ اور روشن خیالی کا پیغام
امانت کے معاملات کی اہمیت
سود کی حرمت
انسانی جان، مال اور عزت کی حرمت
نسلی تعصب کا خاتمہ
گمراہی میں پڑ کر آپسی فساد کرنے کی ممانعت
قتل و غارت گری سے ممانعت
سالہا سال سے جاری خاندانی دشمنیوں کا خاتمہ
روزِ محشر اللہ کے سامنے اپنے معاملات کی جواب طلبی
اور سب سے اہم، عورتوں کے معاملے میں مردوں کو اللہ سے ڈرنے کا حکم
اور ایک دوسرے سے افضلیت صرف و صرف تقوی اور
پرہیزگاری کی بنیاد پر۔
نبی پاک ﷺ نے اس خطبے میں انتہائی واضح الفاظ میں فرمایا کہ دورِ جہالت کی تمام تر فرسودہ روایات کو میں اپنے قدموں تلے پامال کرتا ہوں۔ خون کے نام پر نسل در نسل چلنے والی دشمنیوں کے خاتمے کا حکم دیا۔
چودہ سو سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور ہم آج بھی خود کو جہالت کی فرسودہ رسومات سے آزاد کیوں نہیں کر پائے؟ کوتاہی کس کی تھی؟ قصور کس کا ہے؟
ایک ایک پہلو نہایت ہی آسانی سے اس خطبے کی روشنی میں عیاں ہے۔ پھر بھی گمراہی کے کس دلدل میں ہم دھنسے ہوئے ہیں۔
اس بارے میں ذرا نہیں
پورا سوچیے۔

Deep write up. Well done 💯
ReplyDeleteNice!! good writing
ReplyDelete