14 اگست پر باجا بجانا کیوں منع ہے؟ بچوں کی تربیت اور معاشرتی نقصانات



اگست آزادی کا مہینہ اور ہماری ذمہ داریاں


جیسے کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ اگست کا مہینہ جو کہ آزادی کا مہینہ ہے شروع ہو چکا ہے اور 14 اگست کا عظیم دن قریب آ رہا ہے۔ پورے پاکستان میں جوش و خروش نظر آ رہا ہے۔ بازاروں میں سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں، بیجز اور ملی نغمے ہر طرف نظر اور سنائی دے رہے ہیں۔ یہ مہینہ ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے اس آزاد ملک کے لیے دی تھی۔


یہ جشن منانا ہر پاکستانی کا حق ہے اور منانا بھی چاہیے، لیکن جشن منانے کا طریقہ ایسا ہونا چاہیے جس سے کسی دوسرے کو تکلیف نہ پہنچے۔


بدقسمتی سے ہر سال 14 اگست کے قریب ایک چیز عام ہو جاتی ہے اور وہ ہے باجا بجانا۔ ہمارے ہاں لوگ شوق میں اپنے بچوں کو باجے دلا دیتے ہیں اور وہ بچے گلیوں، بازاروں اور محلوں میں باجے بجا بجا کر دوسروں کا جینا حرام کر دیتے ہیں۔ ہم سب کے گھروں میں بچے موجود ہیں اور یاد رکھیں یہ باجے بجانے والے اسی معاشرے کے گھروں کے ہی بچے ہیں، خلائی مخلوق نہیں ہیں۔ اس لیے اگر ہم چاہتے ہیں کہ یہ شور ختم ہو تو اس کی شروعات ہمیں اپنے اپنے گھر سے کرنی ہوگی۔


یہ شور کس کس کے لیے تکلیف دہ ہے؟


ہم اکثر بغیر سوچے سمجھے یہ عمل کر دیتے ہیں لیکن ہمیں اندازہ نہیں ہوتا کہ اس چھوٹی سی چیز سے کتنے لوگوں کو اذیت پہنچتی ہے۔


کسی کے گھر میں کوئی مریض ہوتا ہے جو بخار میں تپ رہا ہوتا ہے یا دل کا مریض ہوتا ہے جسے سکون کی ضرورت ہوتی ہے۔ اچانک باجے کی تیز آواز سے اس کی طبیعت مزید خراب ہو سکتی ہے۔


کسی گھر میں چھوٹے نومولود بچے ہوتے ہیں جو اس خوفناک آواز سے ڈر کر رونے لگتے ہیں اور سہم جاتے ہیں۔ بزرگ افراد جو دن بھر کے کام کے بعد دوپہر میں آرام کر رہے ہوتے ہیں، ان کی نیند میں خلل پڑتا ہے۔


کوئی طالب علم اپنے کمرے میں امتحان کی تیاری کر رہا ہوتا ہے، کوئی اپنے گھر میں عبادت میں مصروف ہوتا ہے، تلاوت کر رہا ہوتا ہے۔ یہ ناگوار اور مسلسل شور ان سب کی یکسوئی کو ختم کر دیتا ہے اور یہ انتہائی نازیبا عمل ہے۔


ہمارے پیارے دین اسلام نے ہمیں دوسروں کا خیال رکھنے کا درس دیا ہے۔ ہمارا دین کہتا ہے کہ تمہاری ذات سے کسی دوسرے انسان کو تکلیف نہیں پہنچنی چاہیے۔ یہ عمل ایذائے مسلم کہلاتا ہے، یعنی کسی مسلمان کو تکلیف دینے کا سبب بننا، جو کہ ایک ناپسندیدہ عمل ہے۔


بچوں کی تربیت میں ہمارا کردار


آج ہم اپنے بچوں میں ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کے ذریعے دوسروں کا احساس پیدا کریں گے تب ہی ان میں صحیح اور غلط کی سمجھ پیدا ہوگی۔ انہیں یہ سمجھانا ضروری ہے کہ انہیں اپنی ذات سے دوسروں کو ہرگز تکلیف نہیں پہنچانی۔


ہمارے معاشرے کے افراد کو ان چھوٹے چھوٹے معاملات پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اور یہ کام بچوں کے ذریعے نہایت آسان ہے۔ بچہ اگر چھوٹی عمر میں سیکھے گا کہ شور شرابہ کرنا بری بات ہے تو بڑا ہو کر وہ ایک ذمہ دار شہری بنے گا۔

بچوں کو پیار اور محبت سے سمجھایا جائے گا، روکا جائے گا تو ان کے دل میں خود ہی اس تکلیف دہ فعل کے لیے بیزاری آ جائے گی۔ انہیں بتایا جائے کہ اصل ہیرو وہ ہے جو دوسروں کا خیال رکھے۔

اور اگر ہر فیملی کا سربراہ اپنے بچے کو اس فعل سے روکے گا، ان پر تھوڑی سختی کرے گا اور انہیں اس کے نقصانات بتائے گا تو یہ تکلیف دہ شرارت آہستہ آہستہ اس معاشرے سے ختم ہو جائے گی۔

اس کی روک تھام پر سختی سے عمل کیا جائے۔ اپنے اپنے گھروں میں اس باجے پر پابندی لگائی جائے کہ آپ کا بچہ اس چیز کو گھر میں نہ لا سکے۔ آپ خود ہرگز نہ دلائیں، اگر بچہ خود سے خرید کر لا رہا ہے تو یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس کو روکیں، دکاندار کو واپس کروا دیں یا یہ دوسروں کو تکلیف پہنچانے والی چیز ضائع کر دیں۔


یاد رکھیں جب کوئی خریدے گا ہی نہیں تو دکانوں پر بھی یہ آہستہ آہستہ آنا بند ہو جائیں گی۔ طلب اور رسد کا اصول 

(Demand & Supply)یہی ہے۔

باجے کے بجائے کیا کریں؟

بچوں کو اس شور سے ہٹا کر اس سے بہتر اور تعمیری مشاغل میں مصروف کیا جا سکتا ہے۔

14

 اگست کا جشن منانے کے بہت سے خوبصورت طریقے ہیں۔ بچوں کے ساتھ مل کر اپنے گھر کے قریب ایک پودا لگائیں۔ اس سے ملک سرسبز ہوگا اور یہ ایک بہترین جشن ہوگا۔ بچوں کو پاکستان کی تاریخ کے بارے میں کتابیں لا کر دیں، قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی زندگی کے بارے میں بتائیں۔

اپنے محلے کی صفائی کریں، اپنے گھر کو جھنڈیوں سے سجائیں، ملی نغمے سنیں اور بچوں کو بھی سنائیں۔ یہ وہ مثبت سرگرمیاں ہیں جن سے بچوں میں حب الوطنی بھی پیدا ہوگی اور دوسروں کو تکلیف بھی نہیں پہنچے گی۔


:ایک اہم اسلامی حوالہ

تاریخ میں آتا ہے کہ جب اذان مشروع ہونے سے پہلے نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرام کو جمع کر کے مشورہ کیا کہ نماز کے لیے مسلمانوں کو کیسے اکٹھا کیا جائے تو کسی نے باجا بجانے کا مشورہ دیا۔ لیکن نبی کریم ﷺ نے اس طریقے کو پسند نہیں فرمایا اور اس کے بجائے اذان کا خوبصورت اور پر سکون طریقہ اختیار کیا گیا۔ اس سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اسلام شور اور تکلیف دہ آوازوں کے بجائے پاکیزہ اور خوبصورت طریقوں کو پسند کرتا ہے۔


ہمارے بچوں کا یہ معمولی سا عمل کہیں ہماری عمر بھر کی محنت اور تربیت پر پانی نہ پھیر دے۔

 اس لیے اس بارے میں

 ذرا نہیں 

پورا سوچیں۔

آاس 14 اگست پر  ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم باجے کے استعمال کے متعلق اپنے بچوں کو  معلومات فراہم کریں گے  اس تکلیف دہ تفریح کے بارے میں انہیں  شعور دیں گے اور

 سمجھدار  انسان ہونے کا ثبوت دیں گے۔

Comments

Popular posts from this blog

ظالم کا انجام - فرعون سے ہٹلر تک عبرت کی کہانیاں

May2025 کی صورتِ حال پر ایک نظر۔ امید کی کرن

2025 کیسا رہا؟