International Day for Tolerance 2026
عالمی یومِ برداشت 2026 - برداشت، امن کی کنجی
ہر سال 16 نومبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ برداشت منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد صرف ایک تاریخ کو یاد کرنا نہیں، بلکہ انسانیت کو یہ پیغام دینا ہے کہ مختلف مذہب، زبان، ثقافت اور رائے رکھنے والے لوگ ایک ہی دنیا میں امن سے رہ سکتے ہیں۔
آج کے اس دورِ جدید میں جہاں سوشل میڈیا تک رسائی عام ہے ایسے میں برداشت کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے۔ 1995 میں یونیسکو کی جانب سے برداشت کا عالمی دن منانے کا آغاز ہوا ۔ اس کے ٹھیک ایک سال بعد1996 میں اقوامِ متحدہ نے برداشت و رواداری کو سیاسی اور قانونی ضرورت قرار دیتے ہوئے ہر سال 16 نومبر کو عالمی یومِ برداشت منانے کی قرار داد منظور کی۔
دنیا میں مختلف ثقافتیں موجود ہیں برداشت کا عالمی دن اُن تمام ثقافتوں کو برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی قدر اور اہمیت کا درس بھی دیتا ہے۔
یہ ہی معاشرتی رواداری کا فلسفہ ہے۔
اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ برداشت کا مطلب اپنی بات کو چھوڑ دینا یا ہر غلط بات کو چپ چاپ مان لینا لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ۔
دوسروں کے مذہب, زبان, ثقافت اور رائے کا احترام کرنا , چاہے وہ ہم سے مختلف ہی کیوں نہ ہو ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم دوسرے کی بات کو تحمل سے سنیں, اُس سے اختلاف بھی کریں تو عزت کے دائرے میں رہ کر کریں اور اپنی بات کے ساتھ ہم دوسرے کی پہچان کو بھی تسلیم کریں۔
آج ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں ہر شخص اپنی رائے کو ہی درست سمجھتا ہے۔ سوشل میڈیا نے اختلاف کو اور زیادہ بڑھا دیا ہے۔ چھوٹی سی بات پر لوگ ایک دوسرے کو برا بھلا کہنا شروع کردیتے ہیں۔
گھر میں بھائی بہن کا جھگڑا, اسکول میں بچوں کی لڑائی, محلے میں پڑوسیوں کا اختلاف اور ملک میں فرقہ واریت ان سب کی بڑی وجہ برداشت کی کمی ہے۔
اگر ہم تھوڑا صبر برداشت سے کام لیں تو نوے فیصد جھگڑے وہیں ختم ہوجاتے ہیں جہاں سے شروع ہوتے ہیں۔
ہمارا پیارا دین اسلام نہایت خوبصورتی سے برداشت سکھاتا ہے۔ کیوں کہ اسلام ہے ہی امن اور برداشت کا مذہب۔
قرآن کریم میں اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ انسانوں کو مختلف قوموں اور قبیلوں میں اس لیے پیدا کیا تاکہ وہ ایک دوسرے کو پہچانیں۔
نبی پاکﷺ نے مدینہ میں تمام مذاہب و عقائد کے ساتھ امن کا معاہدہ کیا۔ آپ ﷺ نے ہمشہ دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آنے کا حکم دیا۔
برداشت ہماری دینی تعلیم کا بھی بنیادی حصہ ہے۔
برداشت کی شروعات انسان کے گھر سے ہوتی ہے والدین اگر ایک دوسرے کی رائے کا احترام کریں گے تو بچے بھی یہ ہی سیکھیں گے۔
بچوں کو اس بات کی تعلیم لازمی دینی ہے کہ اگر وہ اور اُس کا دوست مختلف سوچ کے مالک ہیں تو یہ عام بات ہے اس کی بنیاد پر اُس کا مذاق ہرگز نہیں اڑانا ہے۔
اسکول میں استاد بچوں میں یہ جذبہ پیدا کریں کہ ہر بچہ قابلِ احترام ہے, چاہے اُس کا رنگ, زبان, مذہب کچھ بھی ہو۔
آج سب سے زیادہ نفرت سوشل میڈیا پر پھیلتی ہے۔ کسی کی پوسٹ پسند نہ آئے تو لڑائی شروع۔
ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے۔ اور ہمیں کسی کی بات پسند نہیں تو ہم عزت سے جواب دے سکتے ہیں یا خاموش رہ سکتے ہیں یا اگر وہ ڈسکشن آپ کی طبعیت پر زیادہ گِراں گزر رہا ہے تو آپ اس کو مزید ڈسکس کرنے سے احسن طریقے سے معذرت کرسکتے ہیں تاکہ اختلافِ رائے کے سبب رشتوں کے درمیان کوئی ناچاقی جنم نہ لے پائے کیوں کہ لڑائی جھگڑا اور نفرت کا اظہار کمزور ہونے کی نشانی ہے۔
برداشت کو اپنانا ہماری آنے والی نسل کے لیے بھی ضروری ہے۔
١۔ پہلے سُنیں پھر بولیں ۔دوسرے کی پوری بات سنے بغیر نہ جواب دیں نہ ہی ادھوری بات پر کوئی مطلب اخذ کر کے رائے قائم کریں۔
٢۔ غصے میں فیصلہ نہ کریں, غصہ برداشت کا سب سے بڑا دشمن ہے۔
٣۔ آپسی اختلاف کو دشمنی اور نفرت کی اسٹیج تک نہ لے کرجائیں۔ کیوں کہ مختلف رائے رکھنا ہرگز دشمنی نہیں۔
٤۔ دوسرے مذہب اور ثقافت سے نفرت کبھی نہ کریں اور نہ ہی اُس کا درس دیں ۔
٥۔ معافی مانگنا اور معاف کرنا سیکھیں یہ برداشت کی سب سے بڑی نشانی ہے۔
برداشت کا مطلب دوسروں کی رائے, مذہب , ثقافت , زبان کا احترام کرنا۔ اب وہ ہم سے چاہے کتنے ہی مختلف کیوں نا ہوں۔
آج دنیا میں آپ جہاں دیکھیں برداشت کی کمی کے سبب لڑائیاں, اختلافات اور بڑھتی نفرتیں نظر آئیں گی۔ اور اس میں اتنا آگے بڑھ جایا جاتا ہے کہ ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے سے بھی باز نہیں آتے ۔
برداشت سے مراد یہ نہیں کہ ہم اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائیں۔ بلکہ اپنے میں رہتے ہوئے دوسرے کی رائے کو بھی تحمل سے سُن لیں۔
یہ اس وقت معاشرے کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ بڑھتی نفرتوں کو ختم کرنے کا ذریعہ برداشت ہی ہے۔
اس 16نومبر کو آئیں ہم برداشت کو اپنی زندگیوں میں اس طرح لازم کرلیں کہ ہم اپنے گھر میں, اسکول میں ,اپنے محلے میں ایک دوسرے کو برداشت کرنا شروع کریں تو ہمارا معاشرہ ایک پُر امن اور خوشحال معاشرہ بن جائے گا۔
آئیں ہم پُر امن معاشرے کی طرف اپنا قدم بڑھائیں ۔ یہ بھی عہد کریں کہ ہم نفرت کے بجائے محبت, غصے کے بجائے صبر اور اختلاف کے بجائے برداشت کو اپنائیں گے۔
برداشت میں ہی امن ہے
برداشت میں ہی انسانیت ہے۔
اس بارے میں زرا نہیں پورا سوچیے۔

Comments
Post a Comment