آج سے ایک صدی قبل علامہ اقبالؒ نے نوجوانوں کو اپنے قلم کے ذریعے ترقی اور کامیابی کے کئی راستے بتائے۔
جو لوگوں کو اندھیروں سے روشنی کی طرف لائے۔ نا اُمید مایوس ذہنوں میں امید کی نئ روح پھونکی۔ اپنے قلم کی طاقت سے برصغیر کی تاریخ بدل دی۔
مگر افسوس کہ آج ہمارے بچوں کو اقبالؒ ویسے نہیں پڑھائے جاتے جیسے ان کا حق اور ہمارے معاشرے کی ِاس وقت ضرورت ہے ۔ہماری ینگ جینریشن کو اقبال ڈے پر چھٹی کے علاوہ بھی اقبالؒ اور اُن کے کلام کے متعلق جاننے کی اشد ضرورت ہے۔
ہم نے اقبال کو صرف کتابوں میں قید کردیا ہے۔ ٩ نومبر کو شعر یاد کروادیے یا تقریر یاد کروا دی اور سمجھ لیا کہ حق ادا ہوگیا۔
اس سے زیادہ اقبالؒ کی شاعری سے بچوں کو مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔
خرد کو غلامی سے آزاد کر
جوانوں کو پیروں کا استاد کر
خرد یعنی اپنی عقل و فہم سے غلامانہ طرز , پرانی چلی آتی فرسودہ روایات سے اور دوسروں کی محتاجی سے نجات دلانی ہوگی۔ اور انھیں خود سے سوچنے اور صحیح غلط میں تمیز کرنے کے قابل بنانا ہوگا۔
غلامانہ سوچ کہ جو سسٹم جیسے چلتا چلا آرہا ہے بس وہی ٹھیک ہے۔ سوال نہیں , جواب نہیں بس سر جھکا کر ماننا ہے۔
اقبال ؒ نے اپنے قلم کے زریعے اس غلامی سے بیزاری ظاہر کی۔
اقبالؒ کی شاعری میں غلام ذہنیت اور پسماندہ سوچ کے خلاف فکری انقلاب واضح دکھائئ دیتا ہے۔ علامہ اقبالؒ کا نظریہ یہ تھا کہ زنجیروں میں قید ہونا ہی غلام ہونے کی نشانی نہیں ہے بلکہ انسان کی عقل و فہم کا غلط نظریے کا غلام ہونا بھی غلامی ہے۔
اور جب عقل آزاد ہوگی تب ہی جوان پیروں کا استاد بنے گا۔ استاد اسلیے نہیں کہ وہ بڑوں سے بڑا بنے گا بلکہ اسلیے کہ بڑوں کو بتانے کی ضرورت ہے کہ نئے دور کے نئے تقاضے ہیں آج سے ساٹھ ستر سال پہلے کا نظام آج کے اس دور میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ اُس ہی فرسودہ نظام اور پُرانی سوچ سے ہمارا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
اس پرانے نظام نے آج کے نوجوان کو ملک کی باگ دوڈ سنبھالنے کے بجائے اُس کو ابھی تک صرف شاگرد بنا کر رکھا ہے۔ اُنھیں اقبالؒ کا شاھین بن کر اونچی اُڑان بھرنے ہی نہیں دیتا۔
تم ابھی بچے ہو, تمہیں کیا پتا۔
حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ بچہ غلط نہیں ہاں یہ انداز پرانا ہوگیا ہے کہ پرانا نظام ہی درست ہے۔
آج اپنے ملک کے حالات و مسائل دیکھیں تو علامہ اقبالؒ کا یہ کلام صرف شاعری کے لفظ نہیں بلکہ آئینہ لگتا ہے۔
آج ہمارا پڑھا لکھا نوجوان بد حالی کا شکار ہے۔ ڈگری ہاتھ میں ہے پھر بھی مایوس و پریشان ہے۔
پرانے چہروں کے نافذ ناکام نظام کی وجہ سے مہنگائی نے اس کا حوصلہ توڑ دیا ہے۔
نوکری کے لیے سفارش لاؤ
کاروبار کے لیے سرمایہ
یاں بیرونِ ملک نکلنے کے لیے کوشش کرو۔
اس جوان نے خواب دیکھا تھا کہ وہ بڑا ہو کر ڈاکٹر بنے گا انجینئر بنے گا ٹیچر بنے گا۔ اپنے ملک کی خدمت کرے گا۔
لیکن اس ناکام نظام کی وجہ سے آج وہی نوجوان اس ملک کو چھوڑ کر کسی اور دیس جا کر آباد ہونے کے لیے لائن میں لگا ہوا ہے۔ کیا یہ پرانی سوچ کے مطابق چلنے والے نظام کی ناکامی نہیں؟ جس نے انھیں اپنے ملک سے باہر جانے پر مجبور کردیا۔
نوجوان بد حال نہیں اُس کو بدحال بنایا گیا ہے۔
جس نظام نے اس کو ڈگری مکمل ہونے کے بعد نوکری نہیں دی
عزت نہیں دی
مواقع نہیں دیے
سوچنے اور بولنے کی آزادی نہیں دی
اس ہی نظام نے اس کو ملک چھوڑ دینے کا راستہ چُننے پر مجبور کردیا۔
آج کے حالات میں نوجوان کے پاس دو ہی راستے بچتے ہیں کہ یا تو خاموش رہ کر اس ہی غلامانہ نظام کا حصہ بن جائے۔ یا پھر ملک چھوڑ کر چلا جائے۔ اور جو اصل تیسرا راستہ علامہ اقبالؒ نے کئی دہائیوں پہلے بتایا تھا وہ تو اُسے کسی نے سکھایا ہی نہیں۔
زمانے کے انداز بدلے گئے
نیا راگ ہے ساز بدلے گئے
زمانہ بدل گیا ہے دنیا آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر چلی
گئ ہے , ہم ابھی تک پرانی فائلوں اور پرانی سوچ میں پھنسے ہیں۔
نیا راگ آگیا ہے , لیکن ہمارا ساز وہی پُرانا
بے سُرا اور فرسودہ ہے۔
وہی سفارش
رشوت
ترقی میں رکاوٹ
مواقع کی قلّت
میرٹ کی توہین
جب تک ساز نہیں بدلے گا راگ کیسے اچھا لگے گا؟
اقبالؒ نے کہا
پرانی سیاست گری خوار ہے
زمین میر و سلطاں سے بیزار ہے
آج کی زمین بھی تو اُسی پرانی سیاست کی عیاری و مکاری سے بادشاہت کے جبر سے بیزار ہے جس نے اس ملک کو تباہی و ناکامی کے راستے پر دھکیلا ہوا ہے۔ انسان اب اس غلامی سے تنگ ہے۔
اس ہی سوچ نے ہمارے ملک کو ترقی کے نمبروں میں بہت پیچھے رکھا ہوا ہے۔
جگر سے وہی تیر پھر پار کر
تمنا کو سینوں میں بیدار کر
اقبالؒ نے نوجوانوں کو اپنے عزم حوصلے اور ہمت کو زندہ رکھنے کا پیغام دیا کہ اپنے اندر وہ جذبہ پیدا کرو جو تمھیں مایوسی اور ناکامی سے نکالے مشکلات کا مقابلہ کرنا سکھائے اور اپنا مقصد پانے کے لیے طاقت دے۔ اور زندگی صرف گزر بسر کرنے کے لیے نہیں بلکہ کسی بڑے مقصد کے حصول کے لیے کوشاں ہونی چاہیے۔
اقبالؒ ان الفاظ میں یہ سمجھا رہے ہیں کہ جب تمھارے حوصلے پست پڑنے لگیں تو اپنے اندر عزم اور حوصلے کی چنگاری کو پھر سے روشن کرو۔ کیوں کہ انسان کو اس کی زندہ خواہشات ہی جدوجہد کے لیے راضی کرتی ہیں اور کامیابیوں کی بلندیوں تک پہنچاتی ہیں۔
یعنی خواب دیکھو بھی اور اُن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنے اندر عمل کی قوت بھی پیدا کرو۔
جوانوں کو سوزِ جگر بخش دے
میرا عشق میری نظر بخش دے
یہاں بھی نوجوانوں کے لیے دعا کہ دل کی وہ تڑپ ان کے اندر پیدا کردے جو اُسے سستی, غفلت ,ناکامی سے باہر نکال سکے۔ وہ تڑپ جو اس کے حوصلے بلند کرے۔ اقبالؒ کہتے ہیں کہ اُن کا عشق اور اُن کی نظر یعنی ان کا عشق ان کی بصیرت, دور اندیشی نوجوان کو بخش دے تاکہ وہ بھی اقبال ہی کی طرح سوچیں اور دیکھیں۔ جس طرح اقبال نے اپنی زندگی میں اُس وقت برصغیر کے لوگوں کو اپنی شاعری کے ذریعے بیدار کیا تھا ویسے ہی آج کا نوجوان بھی اقبالؒ کی طرح اپنی قوم کی تقدیر بدل دے۔
اقبالؒ نوجوان نسل کو خوابِ غفلت سے جاگنے, خوداری اپنانے , ارادوں پر عمل کرنے اور عشق حقیقی کی دولت ملنے کا نسخہ بتا رہے ہیں۔
نسخہ تو ہمارے پاس موجود ہے بس اس کو دوا بنا کر پلانے کی کمی ہے۔
پلا دے مجھے وہ مئے پردہ سوز
کہ آتی نہیں فصلِ گُل روز روز
وہ مئے جس سے روشن ضمیر حیات
وہ مئے جس سے ہے مستیِ کائنات
یہ مئے عشق ہے , خودی ہے , بیداری ہے۔
ایسا جام جو ضمیر کو روشن کردے ۔
ایسا جام جو ظاہری پردوں اور غفلتوں کو ختم کردے یعنی عشقِ حقیقی کا وہ نشہ عطا کرے جو انسان کی عقل و فہم کے درمیان حائل پردے کو ہٹادے۔
کیوں کہ فصلِ گل بار بار نہیں آتی۔ زندگی میں جوانی چند سالوں کی ہوتی ہے اور یہ ہی زندگی کا سب سے مناسب موقع ہوتا ہے کچھ بننے کا کچھ کر دکھانے کا یہ موقع ایک ہی بار آتا ہے جسے اگر انسان گنوا دے گا تو نقصان اُٹھائے گا۔
جب تک جوان اپنی عقل کو آزاد نہیں کرے گا، تب تک وہ بدحالی کا شکار رہے گا۔ اور جس دن اس نے اقبال کے کلام کا شعور سمجھ لیا اس دن وہ خود بھی بدلے گا اور اس ملک کو بھی بہتر بنائے گا۔
اقبالؒ کا خواب ناکام مایوس قوم تو نہ تھا اقبال کا خواب ایک خودار ,خود مختار, بااختیار اور باشعور قوم تھا۔ اقبالؒ نے اپنی بصیرت اور دور اندیشی کی طاقت سے قوم کو ناکامی کی وجوہات بھی بتائیں اور انتہائی خوبصورتی سے ان کا حل بھی پیش کیا۔ یہ اب ہمارے ہاتھ میں ہے کہ ہم کس طرح ان کو پڑھتے اور سمجھتے ہیں اور اپنے بچوں تک اُن کے یہ انمول پیغامات پہنچاتے ہیں۔
میری آج کے نوجوانوں سے یہ گزارش ہے کہ وہ علامہ اقبالؒ کو محض ٩ نومبر کو ہی نا یاد کریں بلکہ روزانہ اپنی زندگی میں ان کے کلام کو شامل کریں, مطالعہ کریں ۔ اس وقت اس کی شدید ضرورت ہے۔ گمراہی و مایوسی کے دلدل میں دھنستی اس قوم کو اپنے نوجوانوں کی اشد ضرورت ہے۔
اس بارے میں زرا نہیں
پورا سوچیے۔
امید ہی زندگی ہے اور یہ مٹی آج بھی بڑی زرخیز ہے۔
Comments
Post a Comment